کولکا تہ، 26؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دہشت گرد تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش(جے ایم بی) کے 6 ارکان کو مغربی بنگال اور آسام سے گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے چار 2014کے کھاگرہ گڑھ دھماکے معاملہ میں مطلوبہ تھے۔جوائنٹ کمشنر پولیس(کرائم )وشال گرگ نے یہاں بتایا کہ ان 6 افراد میں سے تین بنگلہ دیشی شہری ہیں۔گرگ نے کہاکہ کھاگراگڑھ دھماکے کے بعد سے یہ لوگ مغربی بنگال میں نہیں تھے۔انہوں نے ریاست چھوڑ دیا تھا اور جنوبی ہندوستان اور شمال مشرقی ریاستوں میں چلے گئے تھے۔وہ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں کچھ تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ہم تفصیلات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔کولکا تہ پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس کی طرف سے گرفتار کئے گئے جے ایم بی کے ان مبینہ دہشت گردوں میں تنظیم کے مغربی بنگال اکائی کا سربراہ انور حسین فاروق اور ریاست میں تنظیم میں دوسرے نمبر کی حیثیت رکھنے والا یوسف شیخ بھی شامل ہے۔شیخ ریاست میں لوگوں کو ورغلانے کے لیے جے ایم بی کا اہم شخص بھی رہا اور قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے)نے اس کے سر پر 10لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا تھا۔گرفتار کئے گئے چار دیگر لوگوں میں شاہدالاسلام، محمد ربیل ، عبدالکلام اور زاہدالا سلام ہیں جو 2 ؍اکتوبر 2014کے کھاگراگڑھ دھماکے کیس میں مطلوب تھے۔کلام اور ربیل کے سر پر بالترتیب تین لاکھ اور ایک لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔